محسن نقوی کی علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات، پی ٹی آئی لانگ مارچ پر گفتگو

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات اسلام آباد کے علاقے ایف 8 میں علامہ راجہ ناصر عباس کے قریبی عزیز کی رہائش گاہ پر ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لیے رابطہ کاری چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کی۔ بیرسٹر گوہر نے علامہ راجہ ناصر عباس کو بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس نے محسن نقوی سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات سے انکار کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ایف 8 میں ملاقات طے پائی۔
ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق ملاقات میں زیر بحث آنے والے دیگر معاملات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔



