سندہ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے سندہ کی ممکنہ تقسیم کے خلاف مرحلا وار تحریک کا اعلان

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) سندھ ترقی پسند پارٹی نے سندھ کی وحدت پر وار کے خلاف پوری سندھ میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا، ٹھٹہ شہر میں 20 ستمبر کو جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ، جلسہ عام سے ایس ٹی پی سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی اور دیگر خطاب کریں گے۔
28 ستمبر کو گھارو، میرپور ساکرو، کیٹی بندر، بگھان میں رابطہ مہم چلا کر گاڑہی میں جلسہ عام کرنے کا فیصلہ، 3 اکتوبر کو میرپور خاص اور 15 نومبر کو شاہراہ قائدین کراچی میں جلسہ عام کا اعلان۔
ایس ٹی پی کے مرکزی جنرل سیکریٹری ہوت خان گاڈھی، مرکزی رہنما قادر چنا، خدا بخش درس اور جلال شاہ نے پریس کلب ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ سندھ کی وحدت پر کبھی کوئی سازش قبول نہیں کریں گے، سندھ کے پیداواری وسائل اور مقامات کا تحفظ کیا جائے گا۔
دریائے سندھ پر ڈاکہ ڈالنے کی طرح غیر قانونی کینال بنائے جا رہے ہیں اس کے خلاف عوام کا سخت رد عمل آیا، ایس ٹی پی پہلے دن سے جدوجہد کے میدان میں رہی ہے اور سندھ کی وحدت پر حملے کے خلاف بھی میدان عمل میں ہے، سندھ وطن کے انچ انچ کی حفاظت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بننے سے لے کر اب تک سندھ نے جو سفر کیا وہ عذابوں سے خالی نہیں ہے، وفاقی وزیر لاہور میں سندھ کی وحدانیت کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں جو بات قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی سمیت جو بھی فریق سندھ کے حقوق کے حصول اور وطن کی حفاظت کی خاطر جدوجہد کرے گی، سندھ کے وسیع تر مفادات کی خاطر اس کے ساتھ جدوجہد کی جائے گی۔



