نائجیریا میں زہریلا مشروب پینے سے 48 افراد ہلاک، 15 مشتبہ افراد گرفتار

نائجیریا (ویب ڈیسک) نائجیریا کی ریاست اوندو میں مبینہ طور پر زہریلا مشروب پینے سے کم از کم 48 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے دوران 15 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

حکام کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق اوڈگبو اور آئریل کے علاقوں سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں مشروب میں انتہائی زہریلے کیمیکل میتھانول کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بعض متاثرین میں بینائی متاثر ہونے، سانس لینے میں دشواری اور بے ہوشی جیسی علامات سامنے آئیں۔ میتھانول انسانی جسم کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور اس کے استعمال سے بینائی متاثر ہونے، جسمانی اعضا کو نقصان پہنچنے اور موت کا خطرہ ہوتا ہے۔

پولیس نے زہریلے مشروب کی تیاری یا تقسیم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شبے میں 15 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے مختلف اعداد سامنے آرہے ہیں اور بعض تازہ اطلاعات میں 49 اموات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے ہلاکتوں کی تعداد مسلسل اپ ڈیٹ کی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button