بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف یہ کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع پنجگور اور چاغی میں کی گئیں، جن میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 11 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے گوارگو میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں کیے گئے آپریشنز کے دوران مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔



