تحریک کا مقصد سندھیوں کو متحرک کرنا ہے،عبد اللہ چانڈیو

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)سندھی ہاری تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور قومی عوامی تحریک کے مرکزی رہنما عبدالله چانڈیو، قومی عوامی تحریک سٹی ٹنڈوباگو کے سینئر نائب صدر وزیر احمد پٹھان اور جنرل سیکریٹری بلاول پٹھان نے ٹنڈوباگو میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی عوامی تحریک کی جانب سے پورے سندھ میں جاری "متحد اور مضبوط سندھ” مہم کا مقصد سندھ کو درپیش سنگین مسائل کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنا اور سندھیوں کو متحد کرنا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ اس وقت کئی خطرناک چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایک طرف سندھ میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے زرعی معیشت کو تباہ کرنے اور سندھ کو بنجر بنانے کی سازشیں جاری ہیں، تو دوسری جانب بدامنی، بڑھتی ہوئی منشیات، بے روزگاری، کرپشن اور میرٹ کی مسلسل پامالی کے باعث نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، زراعت اور سرکاری اداروں میں بدانتظامی عوام کی زندگیوں کو شدید متاثر کر رہی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کے وسائل، زمینوں، دریائے سندھ کے پانی، گیس، تیل، کوئلے، بندرگاہوں اور دیگر قومی اثاثوں پر قبضے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ دشمن قوتیں سندھیوں کو ذات، برادری، نسل، قبیلے اور فرقے کی بنیاد پر تقسیم کرکے کمزور کرنا چاہتی ہیں تاکہ وہ آسانی سے سندھ کے حقوق اور وسائل پر ڈاکہ ڈال سکیں انہوں نے کہا کہ مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی سندھ کے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، کیونکہ کسی بھی ایسی آئینی تبدیلی کو قبول نہیں کیا جائے گا جو صوبائی خودمختاری، سندھ کے آئینی حقوق یا وسائل پر منفی اثر ڈالے۔ سندھ کے عوام اپنے آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری جدوجہد کرنے کا حق رکھتے ہیں عبدالله چانڈیو، وزیر احمد پٹھان اور بلاول پٹھان نے کہا کہ قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کی اپیل پر شروع کی گئی پچاس روزہ "متحد اور مضبوط سندھ” مہم کے دوران شہر شہر اور گاؤں گاؤں عوام سے رابطے کرکے سندھ کو درپیش مسائل، پانی کی قلت، بدامنی، منشیات، میرٹ کی پامالی، مہنگائی اور وسائل پر قبضے کے خلاف شعور اجاگر کیا جائے گا

انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اختلافات کو بھلا کر متحد ہوں، کیونکہ ایک مضبوط، باخبر اور منظم قوم ہی اپنے وطن، وسائل، شناخت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تحفظ کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہی ایک پُرامن، خوشحال، ترقی یافتہ اور بااختیار سندھ کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button