میڈیا انڈسٹری کے تحفظ کے لیے حکومت و اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے الیکٹرانک میڈیا کی مضبوطی اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کو قومی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے حکومت اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس کی بقا اور استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اشتہارات چینلز کی ریٹنگ کے مطابق دیے جاتے ہیں اور ٹاپ، مڈ اور تھرڈ ٹیئر چینلز کو اسی بنیاد پر فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں، سابق دور میں ٹی وی چینلز کے اشتہاری ریٹس میں کمی کے منفی اثرات سامنے آئے جبکہ پولیو، انسداد دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل والٹ سمیت عوامی آگاہی مہمات چلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا کو پیمرا، ایف بی آر اور دیگر ریگولیٹری اداروں کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے، الیکٹرانک میڈیا ٹاک شوز اور خبروں میں اپوزیشن کو بھی حکومت کے برابر موقع دیا جاتا ہے، ڈیجیٹل میڈیا پالیسی تاحال مکمل طور پر منظور نہیں ہوئی، جبکہ حکومتی مہمات کے لیے پی آر فرمز کے ذریعے الگ طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان خصوصاً سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹبال کا استعمال باعث فخر ہے اور محدود وسائل کے باوجود پی ٹی وی سپورٹس نے ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کیے، تاکہ نوجوانوں کو عالمی کھیلوں کی نشریات تک رسائی فراہم کی جا سکے، پی ٹی وی کو اس وقت کسی مالی بحران کا سامنا نہیں ہے۔

عطا تارڑ نے واضح کہا کہ بطور وزیر اطلاعات وہ بونس یا اعزازیہ کے حق میں نہیں، کیونکہ یہ عوام کا پیسہ ہے، تاہم اگر پی ٹی وی میں افسران کو بجٹ اعزازیہ دیا گیا ہے، تو دیگر ورکرز کو بھی اس سے محروم نہیں رکھا جائے گا اور قومی اسمبلی کے میڈیا ونگ کی کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے میڈیا ورکرز کے دوران ملازمت انتقال کی صورت میں مالی معاونت کی، نئی پالیسی متعارف کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چینلز کو ایسے ملازمین کے اہل خانہ کے لیے مالی پیکج اور بچوں کی کفالت کا نظام وضع کرنا چاہیے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان براڈکاسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ خصوصی اجلاس میں میڈیا ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر سہولیات کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اینکرز اور دیگر میڈیا ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کاروباری ماڈل سے جڑا ہے، تاہم اس بنیاد پر رپورٹرز اور دیگر عملے کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔

عطا تارڑ کا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے بائیکاٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سینیٹرعلی ظفر کی سربراہی میں کمیٹی کی رہنمائی قابل قدر تھی اور ان کی عدم موجودگی محسوس کی جا رہی ہے، میڈیا کے محاذ پر تقسیم ختم کرکے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان براڈکاسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور انداز میں معاملہ اٹھایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button