ماتلی،اہم سیاسی شخصیت کے بیٹے کی کارکی ٹکرسے3راہگیرزخمی

ماتلی(رپورٹ محمد راحیم گدی /جانو ڈاٹ پی کے) ماتلی ٹنڈو غلام علی روڈ پر جاڑکی بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے تین راہگیر احسان نظامانی، مظہر کھوسو اور سلمان کھوسو شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے تعلقہ اسپتال ماتلی منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار اچانک بے قابو ہو کر سڑک کنارے پیدل جانے والے افراد سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہوئے، جبکہ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں بڑی تعداد میں شہری جمع ہو گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ ذرائع کے مطابق حادثے میں ملوث کار مبینہ طور پر بدین ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک بااثر اور موجودہ حکومتی سیاسی شخصیت کے خاندان کے زیرِ استعمال بتائی جا رہی ہے، جبکہ مقامی سطح پر یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ گاڑی میں مذکورہ سیاسی شخصیت کا بیٹا موجود تھا، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کار الٹ کر سڑک کنارے پانی کے گڑھے میں جا گری، جبکہ مقامی افراد کے مطابق گاڑی سے مبینہ طور پر شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئیں، تاہم پولیس یا متعلقہ حکام کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی میں موجود شخص کو حفاظتی تحویل میں لے کر اپنے ساتھ روانہ ہو گئی، جبکہ حادثے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش پھیل گئی اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کی شفاف تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور اگر کسی قسم کی غفلت یا قانون شکنی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button