تھر میں جائیداد کا تنازع: الزامات کا تبادلہ، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر میں زمین اور دستاویزات سے متعلق ایک تنازع پر دو فریقین کے درمیان شدید الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد معاملے کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ مزید زور پکڑ گیا ہے۔ متاثرہ فریق کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کے مسئلے اور دستاویزات سے متعلق خدشات کو عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے، اور متعلقہ حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ معاملے کی قانون کے مطابق شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری پر بغیر تحقیق الزامات لگانا درست عمل نہیں، اور اگر کسی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو اس کا ازالہ کیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب کامریڈ حاجی لنڈ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے خلاف کچھ لوگوں کو تیار کیا گیا ہے، جو ان کے مطابق ان کے قریبی رشتہ دار بھی نہیں ہیں، اور معاملے کو غلط رخ دیا جا رہا ہے۔ادھر دیدار جمن لنڈ نامی خاتون کا موقف ہے کہ حاجی لنڈ کی جانب سے انہیں جائیداد میں حصہ نہیں دیا جا رہا، جس کی وجہ سے یہ تنازع پیدا ہوا ہے۔ دونوں فریقین کے ایک دوسرے پر سنگین الزامات کے بعد مقامی سطح پر معاملہ مزید حساس ہو گیا ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مکمل تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائے جائیں تاکہ انصاف ممکن ہو سکے۔



