بدین میں محرم اور یومِ شہادتِ خلفائے راشدینؓ کے پرامن انعقاد کیلئے بڑا مشاورتی اجلاس، امن دشمن عناصر کو سخت وارننگ


بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)بدین میں ایس ایس پی قمر رضا جسکانی کی زیرِ صدارت اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں علماء کرام، مذہبی رہنماؤں اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہادت حضرت عمر فاروقؓ، شہادت حضرت عثمان غنیؓ اور محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی بدین نے کہا کہ مقدس ایام میں امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور بدین پولیس ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
علماء کرام نے بھی امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ضلع بدین میں پائیدار امن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔