سندھ و جنوبی پنجاب میں مٹی کے طوفان سے تباہی، درجنوں گھر خاکستر، نظام زندگی درہم برہم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے مختلف شہروں میں مٹی کے طوفان اور تیز ہواؤں نے تباہی مچا دی، جس کے باعث متعدد علاقوں میں گھروں، سولر پلیٹس اور بنیادی انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والے مٹی کے طوفان کے باعث کئی مقامات پر سولر پلیٹس اڑ گئیں جبکہ گھروں کی چھتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ سکھر اور گردونواح میں حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی، جبکہ سیپکو ریجن کے 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

کشمور اور کندھ کوٹ میں بھی تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔

جنوبی پنجاب کے علاقے علی پور میں صورتحال مزید سنگین ہو گئی، جہاں آندھی کے دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے موضع ڈھاکہ، باقر شاہ اور بستی بگٹی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں 40 سے زائد گھر جل کر خاکستر ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد شدید جھلس گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 2 سے 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں میں موسم کی شدت میں تبدیلی متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کچے مکانات، کمزور عمارتوں اور ہورڈنگ بورڈز کے حوالے سے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

ماہرین کے مطابق خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی موجود ہے۔

مزید خبریں

Back to top button