کراچی میں آلائشیں اٹھانے کا عمل جاری، لاہور سے موازنہ مناسب نہیں، مرتضیٰ وہاب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا عملہ گلی محلوں سے آلائشیں اٹھانے میں مصروف ہے جبکہ صفائی ستھرائی کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں یہ روایت رہی کہ سیوریج لائنوں سے آلائشیں نکلتی تھیں، تاہم اس بار صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تمام کام ان کے ٹاؤن چیئرمین کر رہے ہیں، میں نے گزشتہ 3 برسوں میں بہت کوشش کی کہ ان کو کوئی "دوائی” پلا دوں۔
میئر کراچی نے لاہور اور کراچی کے موازنے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کا کراچی سے موازنہ درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی بات پر صوبائی وزیر بلال یاسین کو برا لگا تو وہ معذرت خواہ ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلال یاسین اپنے شہر میں اچھا کام کر رہے ہیں، انہوں نے کبھی لاہور کے خلاف بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ کہا کہ "لاہور ساڈا دل اے”۔



