اوکاڑہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا مویشی منڈی کا دورہ، بیوپاریوں اور خریداروں سے سہولیات پر گفتگو

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کا مویشی منڈی میں انتظامات کی چیکنگ، انہوں نے عیدالاضحیٰ کے سلسلہ میں قائم کردہ مویشی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا اور بیوپاریوں و خریداروں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے منڈی میں موجود جانوروں کے بیوپاریوں اور خریدار شہریوں سے ملاقات کی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں براہِ راست دریافت کیا۔ احمد سلیم چشتی نے منڈی میں قائم مختلف کیمپس کا معائنہ کرتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات افسران اور عملے کو ہدایات جاری کیں کہ وہ عید الاضحیٰ کے اختتام تک اپنے فرائض تندہی سے انجام دیں اور حاضری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے منڈی میں پینے کے صاف پانی، لائٹنگ، سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے تمام اقدامات جاری رکھا جائے اور عوام الناس کو سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے سلسلہ میں جانوروں کی خرید و فروخت میں آسانی مہیا کرنے کے لیے تسلسل سے تمام اقدامات کیے جائیں اور انہیں مطلوبہ سہولیات بہم پہنچانے کے لیے حکومتی احکامات کے مطابق تفویض کی گئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں



