محمد رضوان کے حق میں شعیب اختر کی وائرل ویڈیو جعلی نکلی، سابق فاسٹ بولر کی وضاحت

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے قومی کرکٹر محمد رضوان سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی منسوب ویڈیو کو جعلی قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شعیب اختر سے منسوب ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں انہیں محمد رضوان کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ آخر کس بات کی سزا دی جارہی ہے اور پاکستان کرکٹ میں کیا ہورہا ہے۔
محمد رضوان پر ایک اور پابندی، پی سی بی نے میڈیا سے گفتگو سے روک دیا
وائرل ویڈیو میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ کوچ مائیک ہیسن مبینہ طور پر اپنی ذاتی انا کی وجہ سے محمد رضوان کا کیریئر خراب کررہے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر رضوان نے کوئی غلطی کی ہے تو اس کے ثبوت میڈیا کے سامنے لائے جائیں۔
تاہم سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے خود اس ویڈیو کی تردید کردی۔ انہوں نے ایکس پر وائرل ویڈیو کے نیچے اپنے آفیشل ہینڈل سے واضح طور پر لکھا: "It’s a fake video” یعنی ’’یہ جعلی ویڈیو ہے‘‘۔
شعیب اختر کی وضاحت کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کے حوالے سے صورتحال واضح ہوگئی ہے اور ویڈیو میں ان سے منسوب کیے گئے تبصرے ان کا مؤقف قرار نہیں دیے جاسکتے۔



