محمد رضوان پر ایک اور پابندی، پی سی بی نے میڈیا سے گفتگو سے روک دیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) قومی کرکٹر محمد رضوان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایک اور پابندی عائد کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے محمد رضوان کو میڈیا سے گفتگو کرنے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کا مؤقف ہے کہ رضوان کا معاملہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں زیرِ تفتیش ہے، اس لیے انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ذرائع کے مطابق محمد رضوان آئی سی سی کو لکھے گئے خط سے متعلق تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھنا چاہتے تھے۔ اس مقصد کے لیے وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی شق 4.1 کا احترام کرتے ہوئے شق 16 استعمال کرنا چاہتے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ زیرِ تفتیش ہونے کے باعث پی سی بی نے محمد رضوان کو میڈیا سے گفتگو سے روکنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ رضوان سے متعلق مبینہ آن لائن جوئے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہونے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں، تاہم تحقیقات مکمل ہونے تک کسی الزام کے بارے میں حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔



