احتجاج اور مارچ ہمارا آئینی حق، 5 ایم این ایز اور ایک صوبائی وزیر گرفتار ہیں،بیرسٹرگوہر

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ احتجاج اور مارچ ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے، لیکن اس حق کے استعمال پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے 5 ارکان قومی اسمبلی جبکہ خیبرپختونخوا کے ایک صوبائی وزیر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے، ہم پُرامن ہیں اور پُرامن رہیں گے، لیکن اسی وجہ سے ہمیں سزا دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو اپنا طرزِ عمل تبدیل کرنا ہوگا اور ملک کے لیے سوچنا ہوگا۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کے دور میں 12 لانگ مارچ ہوئے لیکن کسی کا راستہ نہیں روکا گیا، جبکہ گزشتہ دو سال سے پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جارہی۔
بیرسٹر گوہر نے سوال اٹھایا کہ کیا احتجاج کرنا تحریک انصاف کا جمہوری اور آئینی حق نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، لیکن ان کے بقول ’’سکہ کسی اور کا چلتا ہے‘‘۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے 5 ارکان قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا میں ایک وزیر گرفتار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کو فتح کرنے نہیں جارہی بلکہ احتجاج کے دوران پُرامن رہے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب تحریک انصاف اسلام آباد جائے گی تو آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سیاسی لوگ ہیں اور دہشتگردوں کی طرح اسلام آباد نہیں آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو دہشتگردوں کی طرح نمٹنے کی باتیں کی جارہی ہیں، حالانکہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور اس کا احتجاج پُرامن ہوگا۔



