27ستمبر کو پُرامن نکلیں گے، لانگ مارچ پر ڈٹے ہیں،کوئی نہیں روک سکتا،سہیل آفریدی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے تمام آئینی اور جمہوری راستے اپنائے، تاہم ملک پر ایک سیاسی ٹولہ مسلط کیا گیا ہے، جبکہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔

سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن عدالتی فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب سے وہ وزیراعلیٰ بنے ہیں، انہوں نے کہاں انتشاری سیاست کی ہے؟

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ انہیں سیاسی طور پر اسپیس نہیں دی جارہی تھی، جبکہ پُرامن احتجاج کی آئین اور قانون اجازت دیتا ہے۔ ان کے مطابق وہ عوامی اور جمہوری لوگ ہیں اور چور دروازے سے آنے والوں کو جمہوریت کا علم نہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جائے تو وہ احتجاج کی طرف ہی جائے گی۔ پُرامن احتجاج کا حق کوئی ان سے نہیں چھین سکتا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 27 ستمبر کو پُرامن طریقے سے نکلیں گے اور لانگ مارچ کے فیصلے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ سہیل آفریدی کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گرفتار کرکے تحریک کو ناکام نہیں بنایا جاسکتا بلکہ اس سے تحریک میں مزید جان آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ اس بار اتنی تعداد میں لوگ باہر نکلیں گے جس کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالف اقدامات سے انہیں خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا۔

سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ تحریک کا مقصد انتشار پھیلانا نہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی شخص احتجاج میں انتشار یا تشدد کی کوئی حرکت کرے گا تو تحریک کا اس سے کوئی واسطہ نہیں ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button