قرضوں کا دباؤ اور مہنگائی بڑھ گئی، عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں ہورہا، فضل الرحمان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک پر قرضوں کا دباؤ اور مہنگائی بڑھ گئی ہے، جبکہ عوام کی مشکلات کا مداوا نہیں کیا جارہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی قوتوں نے اسلامی دفاعی معاہدے پر کاری ضرب لگائی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں حکومت کسی اور کی ہے جبکہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث قوم تشویش میں مبتلا ہے۔ ان کے مطابق ملک پر قرضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا ہے، لیکن عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں کیا جارہا۔مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران عوام کی مشکلات سے بے خبر ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے بعد اسلام آباد کو کنٹینرز سے بھر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے رویوں سے ملک کے لیے باغی خود پیدا کیے جارہے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں میگا پراجیکٹس معطل ہیں جبکہ لوگ اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کررہے ہیں۔ ان کے بقول چین کا اعتماد بھی کھو دیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی قوت دفاعی پوزیشن میں آگئی ہے جبکہ ملک کے اندر حالات سنگین ہیں۔



