اسلام آباد میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ایک ہزار سے زائد گاڑیاں زیرِ تحویل

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر اویس چودھری ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ایک ہزار سے زائد گاڑیاں گزشتہ دو ہفتوں سے پولیس کی تحویل میں ہیں، جبکہ انہیں کرائے پر حاصل کیے جانے کا تاثر درست نہیں۔

اپنے بیان میں اویس چودھری نے کہا کہ کنٹینرائزڈ کارگو، فلیٹ بیڈ، اوپن باڈی، دس ویلر اور مزدا سمیت مختلف اقسام کی گاڑیاں پکڑی گئی ہیں۔ ان کے مطابق بیشتر گاڑیاں سامان سے لدی ہوئی ہیں اور انہیں مختلف چوک چوراہوں میں کھڑا کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیاں کرائے پر حاصل کرنے اور ٹرانسپورٹرز کو یومیہ 20 ہزار روپے ادا کیے جانے کی بات درست نہیں، کیونکہ کسی ٹرانسپورٹر کو تاحال کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔

اویس چودھری نے کہا کہ 2022 میں بھی ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں پکڑی گئی تھیں، تاہم اس وقت بھی انہیں معاوضہ نہیں ملا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈ گاڑیوں کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے اور جتنے دن گاڑیاں زیرِ تحویل رہی ہیں، ان کے حساب سے یومیہ 20 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زیرِ تحویل گاڑیوں کے ڈرائیورز کو تحفظ، کھانے پینے اور واش روم کی مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ کمرشل گاڑیوں کو احتجاج اور دھرنے روکنے کے لیے استعمال کرنا ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گاڑیاں فوری طور پر ریلیز کرکے ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button