فیفا ورلڈکپ: امریکا کے انکار کے بعد میکیسکو ایرانی ٹیم کی میزبانی کیلئے تیار

میکسیکو (ویب ڈیسک) میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم آئندہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران میکسیکو میں قیام کرے گی۔ ان کے مطابق امریکا نے ایرانی ٹیم کو اپنے ملک میں رات گزارنے کی اجازت دینے سے گریز کیا، جس کے بعد فیفا نے متبادل انتظامات کے لیے میکسیکو سے رابطہ کیا۔
صدر شین بام نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میکسیکو کے پاس ایران کی میزبانی سے انکار کی کوئی وجہ نہیں، جبکہ امریکا کی جانب سے ایرانی ٹیم کو قیام کی اجازت نہ دینے کے باوجود ان کے تمام گروپ میچز امریکا ہی میں شیڈول ہیں۔
بعد ازاں فیفا نے اعلان کیا کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ میکسیکو کے شہر تیجوانا میں قائم کیا جائے گا۔ اس سے قبل ایرانی ٹیم کے لیے ایریزونا کے شہر ٹکسن کو بیس کیمپ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، تاہم خطے کی سکیورٹی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث یہ فیصلہ تبدیل کیا گیا۔
ایران کی ٹیم گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ، بیلجیم اور مصر کے خلاف امریکا کے مختلف شہروں میں میچز کھیلے گی۔ دوسری جانب ایران کے وزیر کھیل احمد دنیا مالی نے کہا ہے کہ فیفا کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایرانی کھلاڑیوں کو امریکا میں داخلے کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے، تاہم امریکا کی جانب سے پاسدارانِ انقلاب سے متعلق افراد پر ممکنہ پابندیوں کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔



