دینہ: تین بچوں کو نہر میں پھینکنے کا ملزم مبینہ ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

دینہ (جانوڈاٹ پی کے) تھانہ منگلا کی حدود میں اپنے تین بچوں کو نہر میں پھینک کر قتل کرنے کے مقدمے میں زیر حراست ملزم مبینہ طور پر پولیس حراست سے چھڑانے کی کوشش کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ذیشان کی تقریباً نو سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس کے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا تھا۔ چند روز قبل گھریلو ناچاقی اور بیوی سے ناراضگی کے بعد اس نے مبینہ طور پر اپنے تینوں بچوں کو نہر میں پھینک دیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔
واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزم کو چھڑانے کے لیے اس کے نامعلوم ساتھیوں نے کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق ملزم کو لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران مسلح افراد اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔ فائرنگ کے دوران ملزم ذیشان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آکر موقع پر ہلاک ہوگیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کی تلاش سمیت مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔



