محسن نقوی کی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے اہلخانہ سے ملاقات، خراجِ عقیدت پیش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے والد اور بھائی سے ملاقات کرکے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور شہید کے والد کے حوصلے اور جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر شہید کے والد نے کہا کہ ان کا بیٹا حمزہ پاکستان پر قربان ہوا اور ان کا دوسرا بیٹا بھی وطن کے لیے حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید حمزہ نے خاندان کا سر فخر سے بلند کردیا، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کے والد جیسے عظیم والد کے حوصلے پر پوری قوم کو فخر ہے۔ کیپٹن حمزہ اکرم کی جرأت اور جذبہ قوم کی طاقت ہیں۔

محسن نقوی کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم نے ہنگو میں 7 خوارجیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے بہادری کی مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم سمیت تمام شہداء کی قربانیاں وطن کے تحفظ کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم شہید کیپٹن حمزہ اکرم اور ان کے اہلخانہ کی قربانیوں کا قرض ادا نہیں کرسکتی۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

واضح رہے کہ کیپٹن حمزہ اکرم ہنگو میں سکیورٹی کارروائی کے دوران خوارجیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button