بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی دولت سے متعلق ہوشربا انکشاف

نئی دلی (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے کرکٹ کے ساتھ ساتھ کاروبار، سرمایہ کاری، اشتہارات اور برانڈنگ کے ذریعے بھی نمایاں مالیاتی مقام حاصل کیا ہے، جس کے باعث وہ بھارت کے امیر ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی کے اثاثوں اور مجموعی دولت کا تخمینہ 1046 کروڑ بھارتی روپے، یعنی تقریباً 127 ملین ڈالر لگایا جاتا ہے۔ ان کی آمدنی کے اہم ذرائع میں کرکٹ، آئی پی ایل، اشتہارات، سوشل میڈیا، کاروباری سرمایہ کاری اور جائیدادیں شامل ہیں۔
کوہلی نے 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی، جبکہ مئی 2025 میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوگئے۔ اب وہ بھارت کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ایکشن میں نظر آتے ہیں۔
بی سی سی آئی سے ان کی آمدنی کا سفر 2008-09 میں 15 لاکھ روپے کے گریڈ ڈی کنٹریکٹ سے شروع ہوا، جس کے بعد وہ گریڈ بی اور گریڈ اے سے ہوتے ہوئے 2017-18 سے مسلسل اے پلس کیٹیگری کا حصہ ہیں۔ اس کیٹیگری کے تحت انہیں سالانہ 7 کروڑ بھارتی روپے ملتے ہیں۔
آئی پی ایل میں بھی کوہلی کی آمدنی میں وقت کے ساتھ نمایاں اضافہ ہوا۔ 2008 میں رائل چیلنجرز بنگلور نے انہیں 12 لاکھ روپے میں ٹیم کا حصہ بنایا تھا، جبکہ مختلف سیزنز میں ان کی سالانہ فیس میں اضافہ ہوتا رہا۔ رپورٹس کے مطابق وہ اب تک آئی پی ایل سے مجموعی طور پر تقریباً 209.2 کروڑ روپے کما چکے ہیں۔
اشتہارات بھی کوہلی کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہیں۔ رپورٹس کے مطابق وہ ایک برانڈ کی تشہیری مہم کے لیے کروڑوں روپے معاوضہ لیتے ہیں اور مختلف معروف عالمی و بھارتی کمپنیوں کے ساتھ بطور برانڈ ایمبیسیڈر وابستہ رہے ہیں۔ صرف اشتہارات سے ان کی سالانہ آمدنی 100 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی کوہلی کی مقبولیت ان کی آمدنی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انسٹاگرام پر ان کے 260 ملین سے زائد فالوورز ہیں، جبکہ رپورٹس کے مطابق وہ اسپانسرڈ پوسٹس اور پروموشنل مواد کے ذریعے بھی کروڑوں روپے حاصل کرتے ہیں۔
ویرات کوہلی نے مختلف کاروباری منصوبوں اور اسٹارٹ اپس میں بھی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، جن میں فوڈ، فٹنس، ریسٹورنٹس، گیمنگ، اسپورٹس اور انشورنس کے شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے فیشن کے شعبے میں بھی کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔
جائیدادوں کے حوالے سے رپورٹس میں بتایا جاتا ہے کہ کوہلی کے پاس گڑگاؤں میں تقریباً 80 کروڑ روپے مالیت کا بنگلہ، ممبئی میں 34 کروڑ روپے کا لگژری اپارٹمنٹ اور علی باغ میں تقریباً 20 کروڑ روپے کی جائیدادیں موجود ہیں۔
لگژری گاڑیاں بھی کوہلی کے اثاثوں کا حصہ ہیں، جن میں آڈی، لینڈ روور، بینٹلی کانٹی نینٹل جی ٹی اور بینٹلی فلائنگ اسپَر سمیت مہنگی گاڑیاں شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی کی سالانہ آمدنی تقریباً 150 کروڑ روپے تک بتائی جاتی ہے، جبکہ 2024 میں ان کی جانب سے 66 کروڑ روپے ایڈوانس ٹیکس ادا کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
یوں ویرات کوہلی کی مالی کامیابی کا دائرہ صرف کرکٹ تک محدود نہیں بلکہ اشتہارات، برانڈنگ، کاروباری سرمایہ کاری، جائیداد اور سوشل میڈیا سمیت متعدد شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔



