صاف ستھرا پنجاب صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے، مریم نواز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ صفائی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے، جبکہ صاف ستھرا پنجاب صحت مند اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ منصوبہ نئے اور صحت مند پنجاب کی بنیاد ہے اور اس کے تحت صوبے میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پہلی مرتبہ شہروں کے ساتھ ساتھ 25 ہزار دیہات میں بھی صفائی کا منظم پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ پنجاب کی سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلی محلوں کی صفائی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم صفائی کو برقرار رکھنا شہریوں کا فرض ہے۔ ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ صاف ستھرا ماحول بیماریوں سے تحفظ اور بہتر معیارِ زندگی کے لیے ضروری ہے، جبکہ پنجاب کو صاف، سرسبز اور عوام کو صحت مند بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرہ ارض کو صاف رکھنا ماحول کے تحفظ اور انسانی بقا کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق کچرے کی ری سائیکلنگ، ویسٹ مینجمنٹ اور عوامی مقامات کی صفائی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ کوڑا کرکٹ مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں، پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائیں اور گھروں، گلیوں اور محلوں کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف پاکستان ہی صحت مند اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے۔

مزید خبریں

Back to top button