کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملہ، 21 افراد کی شہادت کا مقدمہ درج

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) کوہاٹ کے پرانا پولیس لائنز میں ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سٹی کوہاٹ کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں حملے کے مختلف پہلوؤں اور دہشت گردوں کی کارروائی کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا، جس کے بعد حملہ آوروں نے فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ بھی کیا۔
مقدمے کے مطابق دہشت گردوں نے مسجد کے راستے کو داخلی راستے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی اور پولیس لائنز کے اندر داخل ہوئے۔ حملے کے دوران فائرنگ اور دستی بم حملوں کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں اور شہریوں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، جبکہ پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران بھی کارروائی کی نگرانی اور قیادت کے لیے موقع پر پہنچے۔
ایف آئی آر کے مطابق خودکش دھماکے، فائرنگ اور دستی بم حملوں کے نتیجے میں 21 افراد شہید جبکہ بڑی تعداد میں افراد زخمی ہوئے، جبکہ حملے کے باعث سرکاری و نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور حملے میں ملوث نامعلوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔



