گوٹھ حاجی میرخان کا رہائشی 14سالہ نصر اللہ کراچی میں مسجد کی صفائی کے دوران گر کا جاں بحق

میرپورخاص(رپورٹ:شاھدمیمن/جانوڈاٹ پی کے)میرواہ گورچانی کے قریب گوٹھ حاجی میرخان گورچانی کے رہائشی 14 سالہ کمسن لڑکا نصراللہ ولد حبیب اللہ گورچانی کراچی کے علاقے کورنگی ساڑھے پانچ نمبر میں مسجد کی صفائی کے دوران ایک اونچے اسٹول سے گر کر شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد زخمی بچے کو طبی امداد کے لیے کورنگی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے جناح اسپتال کراچی لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ اہل علاقہ میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔مرحوم کی میت ایمبولینس کے ذریعے آبائی گاؤں حاجی میر خان گورچانی لائی گئی گئی جہاں اسے دس میل موری کے آبائی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا کیا-اہل خانہ کے مطابق مرحوم نہایت شریف، خوش اخلاق اور مذہبی رجحان رکھنے والا بچہ تھا جس کی اچانک موت پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا ہے-



