لاہور میں آٹا اور دہی مزید مہنگا، شہری دکانداروں کی من مانی سے پریشان


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آٹے کا سرکاری نرخنامہ جاری نہ کیے جانے کے باعث شہر میں آٹے اور دہی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بڑھ کر 1100 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا اوپن مارکیٹ میں 2200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخنامہ نہ ہونے کے باعث دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب دہی کی قیمت کا بھی سرکاری سطح پر تعین نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں دہی 260 سے 270 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر آٹے اور دہی کے سرکاری نرخ مقرر کرے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔