گھوٹکی،عطائی ڈاکٹرز اور غیرقانونی لیبارٹریز کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے اہم اجلاس

گھوٹکی(رپورٹ:وجے کمار چاولہ/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں عطائی ڈاکٹرز اور غیرقانونی لیبارٹریز کے خلاف کریک ڈاؤن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راؤ آفتاب، ڈی ایم پی پی ایچ آئی عارف عباسی سمیت سندھ ہیلته کیئر کمیشن کے افسران اور ڈرگ انسپیکٹرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ عطائی ڈاکٹرز اور غیر رجسٹرڈ لیبارٹریز کے خلاف باقاعدہ اور سخت آپریشن کیا جائے، کیونکہ یہ عناصر انسانی جانوں سے کھیلنے کے ساتھ خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ عطائی ڈاکٹرز کی جانب سے غیر معیاری اور غلط ادویات کا استعمال مریضوں کی حالت مزید بگاڑ دیتا ہے، جبکہ غیرقانونی لیبارٹریز کی غلط رپورٹس کی وجہ سے بیماریوں کی بروقت اور درست تشخیص ممکن نہیں رہتی، جس سے علاج میں تاخیر اور مریضوں کے لیے خطرات بڑھ جاتے ہیں، اسی طرح غیر محفوظ طبی طریقہ کار ہیپاٹائٹس اور دیگر امراض کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں اس لیے ایسے کاروبار کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ اور اور ایڈیشنل ڈائریکٹر سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن سھر کو ہدایت دی کہ مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے کر ضلع بھر میں مربوط کارروائیاں کریں، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے مؤثر نظام بھی فعال بنایا جائے تاکہ عوام کی شکایات کا ازالہ ہوسکے۔ اس سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیا جائے گا۔



