پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے بڑا فیصلہ،15اکتوبر سے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس بند

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا گیا، ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے 15 اکتوبر 2026 سے نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد صرف ای پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق 15 اکتوبر 2026 سے قبل نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا ممکن ہوگا، تاہم مقررہ تاریخ سے پہلے جاری کیے گئے موجودہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کی مدت ختم ہونے کے بعد ان کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری سرکلر کے ذریعے پاکستان بھر کے پاسپورٹ دفاتر کے حکام کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے، جبکہ بیرونِ ملک پاکستانی مشنز کے متعلقہ عملے کو بھی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
متعلقہ پاسپورٹ دفاتر کو درخواست گزاروں کو نئے فیصلے سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہری پاسپورٹ کے حصول یا تجدید کے حوالے سے بروقت ضروری اقدامات کرسکیں۔
حکام کے مطابق ای پاسپورٹ نظام کے ذریعے مسافروں کو تیز امیگریشن کلیئرنس سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں گی، جبکہ پاسپورٹ کے عمل کو جدید اور زیادہ مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
یعنی 15 اکتوبر 2026 کے بعد نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو مشین ریڈ ایبل کے بجائے ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔



