ایران کو بڑا مالیاتی جھٹکا،متحدہ عرب امارات نے بینک ملی کی تمام شاخوں پر پابندی لگا دی

ابوظبی (جانو ڈاٹ پی کے) متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ایران کے بینک ملی ایران کی متحدہ عرب امارات میں قائم تمام شاخوں کو ایران سے متعلق مالی لین دین سے روک دیا۔
اماراتی مرکزی بینک کے مطابق یہ فیصلہ بینک کی سرگرمیوں کے معائنے کے نتائج اور مرکزی بینک کے گورنر کو حاصل قانونی اختیارات کے تحت کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے واضح کیا کہ پابندی کے بعد متحدہ عرب امارات میں موجود بینک ملی ایران کی تمام شاخیں ایران سے یا ایران کو کسی بھی قسم کا مالی لین دین، ٹریڈ فنانس اور فنڈ ٹرانسفر نہیں کرسکیں گی۔
اماراتی حکام کے مطابق کارروائی کی وجوہات میں منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور جوہری و دیگر حساس سرگرمیوں کے پھیلاؤ سے متعلق مالی معاونت کے قوانین اور تقاضوں کی عدم تعمیل بھی شامل ہے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے مالیاتی نظام کی سلامتی اور شفافیت برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کا عمل مزید مضبوط بنائے گا اور مالیاتی اداروں کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے باعث مالی اور تجارتی روابط بھی دباؤ کا شکار ہیں۔
رائٹرز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اگست میں بھی ایران کے ساتھ بعض تجارتی اور مالی روابط محدود کیے تھے، جبکہ اسی ماہ امریکی حکام نے بینک ملی ایران سے منسلک ایک شخص پر پابندیاں عائد کی تھیں۔



