نگرپارکر میں مہنگائی کے خلاف عوامی تحریک کی احتجاجی ریلی، قیمتوں میں اضافے پر فوری قابو کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) نگرپارکر میں عوامی تحریک کی جانب سے مہنگائی کے خلاف ایک پُرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں علاقے کے مختلف سیاسی و سماجی کارکنان نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز پرانے نگرپارکر بازار سے ہوا جو شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی رینجر چیک پوسٹ تک پہنچی۔ اس دوران مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مہنگائی کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف اپنے تحفظات پُرامن انداز میں ظاہر کیے۔
ریلی کی قیادت عوامی تحریک نگرپارکر کے صدر موہن لال نے کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء، خوراک، بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عام آدمی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف مل سکے۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ اگر مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو عام لوگوں کی زندگی مزید مشکل ہو جائے گی اور غربت میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب پولیس اسٹیشن نگرپارکر کے مطابق ریلی مکمل طور پر پُرامن رہی اور کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ریلی کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں پہلے ہی معاشی حالات کمزور ہیں اور مہنگائی میں اضافہ صورتحال کو مزید خراب کر رہا ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔



