دہشتگردی کی کوشش ناکام بنانے والے شہری لیاقت شہید کیلئے ستارۂ شجاعت کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) خودکش دہشت گرد کو روک کر قیمتی جانیں بچانے والے شہری لیاقت شہید ولد کریم الہٰی کی قربانی کا قومی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے لیاقت شہید کیلئے ستارۂ شجاعت کی منظوری دے دی۔
یاد رہے کہ لیاقت شہید نے اپنی جان قربان کر کے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا، لیاقت شہید کی جرأت، فرض شناسی اور قربانی پوری قوم کیلئے روشن مثال ہے۔
وزیراعظم پاکستان کی سفارش اور صدر پاکستان کی منظوری قومی ہیرو کی عظیم قربانی کا اعتراف ہے۔
ستارۂ شجاعت پاکستان کا دوسرا بڑا سول اعزاز برائے بہادری ہے، لیاقت شہید نے خودکش حملہ آور کے ناپاک عزائم کے سامنے ڈٹ کر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، قوم اپنے بہادر سپوت لیاقت شہید کو سلام پیش کرتی ہے، لیاقت شہید کی قربانی دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
دوسری جانب شہری لیاقت شہید کے اہل خانہ ستارۂ شجاعت وصول کرنے کیلئے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
لیاقت شہید کی والدہ، صاحبزادے اور بھائی صدر پاکستان سے ستارۂ شجاعت وصول کریں گے، شہید کے اہل خانہ کو مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ اسلام آباد روانہ کیا گیا، اے سی جنڈ لیاقت شہید کے اہل خانہ کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہوئے۔
لیاقت شہید کے اہل خانہ کی حفاظت اور سہولت کیلئے ایلیٹ فورس کا دستہ بھی ہمراہ ہے۔
وزیراعظم پاکستان کی سفارش پر منظور ہونے والا ستارۂ شجاعت شہری لیاقت شہید کے اہل خانہ آج شام وصول کریں گے۔
لیاقت شہید کی قربانی کا اعتراف صرف ایک اعزاز نہیں، پوری قوم کی طرف سے سلام ہے۔



