وزیر اعظم کی سکیورٹی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ سازوسامان کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کی غرض سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، وزیر اعظم نے ہدایت دی ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو بہترین آلات، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ سازوسامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق امن و امان کی صورتحال اور وزارت داخلہ کے امور پر اہم اجلاس کی صدارت کے دوران وزیراعظم نے  کہا کہ جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہل کاروں کو جدید تربیت اور مہارتوں سے آراستہ کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کرپشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد  کیا جائے اور ایف آئی اے سمیت وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں میں بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر  کی جائیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کو ایف آئی اے، اسلام آباد پولیس، این سی سی آئی اے، فیڈرل کانسٹیبلری، سی ڈی اے اور دیگر ماتحت اداروں کی کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ستمبر میں اسلام آباد میں زیر تعمیر جیل فعال ہو جائے گی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت طلال چوہدری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button