ڈی جی آئی ایس پی آر کی سمر انٹرن شپ 2026 کے شرکاء سے خصوصی نشست، قومی سلامتی اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر گفتگو


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) ڈی جی آئی ایس پی آر نے آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 کے شرکاء سے خصوصی نشست کے دوران قومی سلامتی، دہشتگردی، مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر تفصیلی گفتگو کی۔
خصوصی سیشن میں طلبہ و طالبات نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے، جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے مدلل اور تفصیلی جوابات دیے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ نشست کے دوران انہیں مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن، پروپیگنڈا اور غیرمصدقہ خبروں سے بچاؤ کے حوالے سے مؤثر رہنمائی فراہم کی گئی، جبکہ قومی سلامتی سے متعلق مختلف غلط فہمیوں اور ابہام کو بھی دور کیا گیا۔
طلبہ و طالبات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال، بھارتی پروپیگنڈا اور پاکستان کے مؤقف پر دی گئی بریفنگ نے زمینی حقائق کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد دی۔ شرکاء نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کے پیش کردہ مؤقف سے بھی مختلف سوالات اور ابہام دور ہوئے۔
سمر انٹرن شپ 2026 کے شرکاء نے درست معلومات کے فروغ، ذمہ دارانہ انداز میں سوشل میڈیا کے استعمال اور ملک دشمن پروپیگنڈے کا مؤثر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 میں پاکستان بھر کے 21 مختلف اسٹیشنز پر 6 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔