ماسکو کے معروف ریستوران کے باہر خودکش دھماکا، 3 افراد ہلاک، 21 زخمی

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک معروف ریستوران کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
روسی حکام کے مطابق دھماکا مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے ماسکو کے وسطی علاقے میں پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک خاتون کے پاس موجود دیسی ساختہ بم اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان اور افراتفری پھیل گئی۔
روسی انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کا کہنا ہے کہ خاتون نے ریستوران میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی گارڈ نے اسے روک لیا۔ اسی دوران دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں حملہ آور خاتون اور سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں متعدد افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
روسی حکام نے حملہ آور خاتون کی شناخت اور دھماکے کے محرکات کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔



