پیپلزپارٹی کی ایل اے-28 میں 71 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے کی شکایت، فوری کارروائی کا مطالبہ

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر نے حلقہ ایل اے-28 کے 71 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے پر چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ شکایت ارسال کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے پارٹی امیدوار سید بازل نقوی کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچنے کے باعث متعدد پولنگ اسٹیشنز پر مقررہ وقت پر ووٹنگ کا آغاز نہیں ہو سکا۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ صبح سے ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ تاخیر کے باعث بڑی تعداد میں ووٹرز کے اپنے حقِ رائے دہی سے محروم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ 71 پولنگ اسٹیشنز پر فوری طور پر انتخابی عملہ تعینات کیا جائے اور ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کے لیے پولنگ کے اوقات میں مناسب توسیع کی جائے تاکہ کوئی بھی ووٹر اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔

شکایت میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ تمام متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے، پولنگ کے اصل آغاز کے وقت کو دستاویزی شکل دی جائے اور اس مبینہ انتظامی غفلت کے ذمہ دار افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button