پی این فلیٹ کلب اوپن سکواش: پاکستان کے چار کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے


لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان کے عاصم خان، نور زمان، حمزہ خان اور ناصر اقبال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی این فلیٹ کلب اوپن انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان نیوی روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں عاصم خان نے ہانگ کانگ کے میتھو لئی کو 3-1 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔
دوسرے میچ میں نور زمان نے برازیل کے ڈیگو گوبی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے سٹریٹ گیمز میں شکست دی۔
حمزہ خان نے سوئٹزرلینڈ کے ڈیوڈ برنیٹ کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے کامیابی حاصل کی اور کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
ادھر ناصر اقبال نے مصر کے یاسین شودے کو 3-0 سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ایک اور کامیابی اپنے نام کی۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کے بعد ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں قومی اسکواش شائقین کی نظریں اب ان کی مزید کامیابیوں پر مرکوز ہیں۔