سیاسی مخالفین نے میری جعلی تصاویر اے آئی سے بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلائیں، اطالوی وزیراعظم

روم (جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلوی نے انکشاف کیا کہ ان کی جعلی تصاویر اے آئی سے بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی ہیں۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے بنائی جانے والی جعلی تصاویر (ڈیپ فیکس) کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی تصاویر عوام کو آسانی سے دھوکہ دے سکتی ہیں۔
اطالوی وزیراعظم نے کہا کہ یہ تصاویر سیاسی مخالفین کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ انہیں نشانہ بنایا جا سکے، اطالوی وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جعلی تصویر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز بھی اپنایا اور کہا کہ مجھے یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ جس نے یہ تصاویر بنائیں، کم سے کم اس مثال میں مجھے کچھ بہتر ہی بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اب لوگوں پر حملہ کرنے اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے لئے کسی بھی حد تک جایا جا رہا ہے، مسئلہ صرف میری ذات تک محدود نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیپ فیک ایک خطرناک ہتھیار ہے کیونکہ یہ دھوکہ دے سکتا ہے، لوگوں کو متاثر کر سکتا ہے اور کسی کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، میں اپنا دفاع کر سکتی ہوں لیکن بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ایسا نہیں کر سکتے۔
اطالوی وزیراعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی مواد کو قبول کرنے یا شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔



