تھرپارکر میں چوروں کی یلغار،ڈپلو میں چوری شدہ بکری تاجر کے قبضےسے برآمد،2 افراد گرفتار

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر ضلعے میں بڑھتے ہوئے چوری کے واقعات کے باعث علاقہ مکینوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق مویشی لے جانے والے ٹرکوں کے ساتھ ساتھ مقامی تاجر بھی مبینہ طور پر مویشی چوری کے واقعات میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ چوریوں کے لیے ایک سرگرم گروہ تشکیل دیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
تحصیل ڈپلو کے گاؤں بپراڑیو میں دادو ولد پنہون، ذات میگھواڑ کی ایک بکری گزشتہ رات تقریباً 01:00 بجے سے 03:00 بجے کے درمیان نامعلوم افراد مبینہ طور پر چوری کرکے لے گئے۔ بکری کے مالک کو صبح تقریباً 06:00 بجے معلوم ہوا کہ اس کی بکری چوری ہوچکی ہے۔
واقعے کی جگہ پر مبینہ طور پر چوروں کے قدموں اور کھروں کے نشانات موجود تھے، جن کا تعاقب کرتے ہوئے بکری کی تلاش شروع کی گئی۔ تلاش کے دوران چوری شدہ بکری ڈپلو بکرا منڈی مال پڑی کے قریب تاجر قربان ولد فتح محمد اور رمضان ولد فتح محمد پاڑھو، رہائشی ڈپلو شہر، کے قبضے سے برآمد کرلی گئی۔
واقعے کی اطلاع ڈپلو پولیس کو دی گئی، جس پر پولیس نے مبینہ طور پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو چوری شدہ بکری سمیت حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار دونوں افراد نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے مذکورہ بکری 18 ہزار روپے میں رمیش میگھواڑ، رہائشی گاؤں ویڑھی جھپ، سے خریدی تھی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کا شناختی کارڈ نمبر اور موبائل فون نمبر بھی دستیاب ہے، جس کی بنیاد پر پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کی شفاف تحقیقات کرکے اصل چوروں اور ان کے مبینہ ساتھیوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔



