ایجبسٹن ٹیسٹ آسان نہیں ہوگا،جو روٹ نے پاکستان کو خبردار کردیا

برمنگھم (جانو ڈاٹ پی کے) انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے پاکستان کے خلاف ایجبسٹن میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ سے قبل واضح کردیا ہے کہ پاکستان کو کمزور یا آسان حریف سمجھنا بڑی غلطی ہوگی۔

برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں تیسرے ٹیسٹ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے جو روٹ نے کہا کہ تمام توجہ اگلے پانچ دن کی کرکٹ پر مرکوز ہوگی اور انگلینڈ کی کوشش ہوگی کہ بڑا اسکور بنا کر بہترین کرکٹ کھیلی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایجبسٹن میں صورتحال مختلف ہوگی، نیا میدان، نئی گیند اور نیا میچ ہوگا، اس لیے ماضی کی کارکردگی کو بنیاد بنا کر کسی نتیجے پر پہنچنا درست نہیں۔

35 سالہ جو روٹ نے پاکستان کو آسان حریف قرار دینے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا بہت آسان ہے کہ ایک ٹیم بہت خراب اور دوسری بہت اچھی ہے، لیکن کھیل میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔

انگلش کپتان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف انگلینڈ کو برتری حاصل ہے، تاہم پاکستانی ٹیم میں مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

جو روٹ نے پاکستان کے چند کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محمد عباس نے لارڈز ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعود شکیل نے 97 رنز کی اننگز کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسکواڈ میں کچھ تبدیلیاں ضرور ہوئی ہیں، لیکن اس بنیاد پر یہ سمجھنا کہ ایجبسٹن میں انگلینڈ کو آسان مقابلہ ملے گا، بالکل درست نہیں۔

جو روٹ کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے لیے ایجبسٹن میں نیا میچ اور نئی صورتحال ہوگی، اس لیے انگلینڈ کو ابتدا سے ہی مضبوط اور محتاط کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

واضح رہے کہ جو روٹ نے اب تک 168 ٹیسٹ میچز میں 50 سے زائد کی اوسط سے 14 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں، جن میں 41 سنچریاں بھی شامل ہیں، اور وہ انگلینڈ کے اہم ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایجبسٹن ٹیسٹ سے قبل انگلش کپتان کے بیان نے مقابلے کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے، جبکہ پاکستانی ٹیم بھی سیریز میں واپسی کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button