پنجاب پولیس میں احتساب کا طوفان،کانسٹیبل سے انسپکٹر تک210اہلکاروں فارغ
پنجاب پولیس میں خفیہ رپورٹس پر کارروائیاں تیز، مزید افسران کے خلاف شکنجہ تیار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب پولیس میں مبینہ طور پر کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کردیا گیا، لاہور سمیت صوبے بھر میں صرف 8 روز کے دوران 210 افسران و اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق عہدوں سے ہٹائے جانے والوں میں کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینک تک کے افسران و اہلکار شامل ہیں، جبکہ لاہور سے 42 افسران و اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سب سے زیادہ 41 افسران و اہلکاروں کو مبینہ کرپشن کے الزامات پر عہدوں سے ہٹایا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کی زد میں آنے والے اہلکاروں میں بعض کو کرپشن کے الزامات پر معطل کیا گیا، بعض کے خلاف سخت محکمانہ سزائیں عائد کی گئیں جبکہ کچھ اہلکاروں کو کلوز لائن کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس میں کرپشن اور اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال میں ملوث مزید افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے۔ خفیہ رپورٹس کی بنیاد پر سامنے آنے والے معاملات کی جانچ کے بعد مزید ایکشن متوقع ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کو بروقت اور مؤثر کارروائیوں کی ہدایت کردی ہے تاکہ محکمہ پولیس میں احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن ادارے کی جانب سے بھی مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جارہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق محکمہ میں احتساب کا عمل جاری رہے گا اور خفیہ رپورٹس سمیت دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ پولیس کی جانب سے اس کارروائی کا مقصد کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد اور اہلکاروں میں احتساب کا مؤثر نظام قائم کرنا قرار دیا جارہا ہے۔



