کچہ کے علاقے کو سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ،وزیراعلیٰ نے منظوری دیدی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ان علاقوں کو سیف سٹی اتھارٹی کے جدید نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے اس منصوبے کیلئے مجموعی طور پر 23 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج تیار کر لیا ہے، جس کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب نے دے دی ہے۔
سیف سٹی اتھارٹی پنجاب کے مطابق منصوبے کے تحت دریائی جزائر اور گھنے جنگلات میں جدید نگرانی کا نظام نصب کیا جائے گا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقوں کے جغرافیائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی، تھرمل کیمرے، ڈرونز اور گاڑیوں کا ٹریکنگ سسٹم استعمال کیا جائے گا۔
منصوبے میں 24 گھنٹے نگرانی کیلئے تھرمل اور ڈرون ٹیکنالوجی، جبکہ دور دراز علاقوں کیلئے سولر پاورڈ سرویلنس سائٹس بھی شامل ہیں۔
مزید یہ کہ انٹیگریٹڈ کنٹرول روم کے ذریعے تمام آپریشنز کو مرکزی سطح پر مانیٹر کیا جائے گا تاکہ فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔
حکام کے مطابق گنے کی فصلوں اور دشوار گزار علاقوں میں چھپنے والے جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری میں اس جدید نظام سے مدد ملے گی، جبکہ موبائل نیٹ ورک کی کمی کو بھی دور کیا جائے گا۔



