فائر فائٹرز کی اہمیت سے متعلق عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم فائر فائٹرز کے موقع پر فائر فائٹرز کی خدمات، قربانیوں اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ فائر فائٹرز عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر فرائض انجام دیتے ہیں، اس لیے ان کی اہمیت سے متعلق عوامی آگاہی انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے Rescue 1122 کے فائر فائٹرز کی بروقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کئی بڑے حادثات میں قیمتی انسانی جانیں بچائی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے لبرٹی چوک میں ایک بڑی عمارت اور گلبرگ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں میں 180 سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب میں جدید فائر فائٹنگ ٹیکنالوجی، حفاظتی آلات، اسنارکل اور جدید گاڑیوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑی عمارتوں، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں فائر ہائیڈرنٹس اور فائر ایکسٹینگشرز کی دستیابی اور باقاعدہ چیکنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔



