دیپالپور میں نہر ٹوٹ گئی، پولیس اور دیہاتیوں کی بروقت کارروائی سے بڑا نقصان ٹل گیا


دیپالپور( وسیم احمد غوری/تحصیل روپرٹر/جانوڈاٹ پی کے) تحصیل دیپالپور کے نواحی گاؤں کھجور والا کے قریب نہر اچانک ٹوٹنے سے قریبی آبادی اور فصلوں کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ بڑا نقصان ٹل گیا۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈھلیانہ کی پولیس موبائل ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مقامی شہریوں کو امدادی سرگرمیوں کیلئے متحرک کیا۔
پولیس اہلکاروں اور دیہاتیوں نے مشترکہ کوششوں سے نہر کے پانی کو قابو کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں گاؤں کو زیر آب آنے سے بچا لیا گیا جبکہ کھڑی فصلیں بھی محفوظ رہیں۔
مقامی افراد نے پولیس کی فوری رسپانس اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی نہ ہوتی تو آبادی اور زرعی اراضی کو بھاری نقصان پہنچ سکتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ہنگامی صورتحال میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور مستقبل میں بھی ایسے واقعات پر فوری ردعمل یقینی بنایا جائے گا۔