کسان بورڈ کی جدوجہد کامیاب، جان پورہ راجباہ کی صفائی کا آغاز

دیپالپور (وسیم احمد غوری/تحصیل رپورٹر/جانوڈاٹ پی کے) کسانوں کے مسائل اجاگر کرنے کی مسلسل جدوجہد رنگ لے آئی، جان پورہ راجباہ کی بھل صفائی کا کام شروع کر دیا گیا جس پر علاقہ بھر کے کاشتکاروں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق راجباہ کی کئی سالوں سے خراب صورتحال کے باعث پانی کی نکاسی متاثر ہو رہی تھی جبکہ کاشتکاروں کو فصلوں کے لیے پانی کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ صفائی نہ ہونے سے زرعی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی تھیں اور کسان مسلسل مطالبہ کر رہے تھے کہ راجباہ کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

کاروان فکرِ عمل کے صدر جہانگیر خان غوری نے اس پیش رفت کو کسان بورڈ پاکستان کی قیادت کی کامیابی قرار دیتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری پنجاب اشفاق احمد اور ضلعی صدر سردار متین الحق کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان بورڈ کی قیادت نے کسانوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں محکمہ آبپاشی کے متعلقہ حکام تک پہنچایا، جس کے نتیجے میں عملی اقدامات سامنے آئے۔

جہانگیر خان غوری کا کہنا تھا کہ راجباہ کی صفائی کا باقاعدہ آغاز علاقے کے لیے خوش آئند ہے، اس اقدام سے زراعت کو فروغ ملے گا اور فصلوں کو بروقت اور بہتر پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمہ آبپاشی آئندہ بھی نہری نظام کی بہتری اور کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے اسی طرح مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button