UAEمیں واٹس ایپ کے نئے قوانین نافذ

ابوظہبی(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ کے ذریعے مالیاتی اور بینکاری خدمات پر نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

مرکزی بینک کے مطابق یکم مئی سے تمام بینکوں، ایکسچینج ہاؤسز اور انشورنس کمپنیوں کو واٹس ایپ کے ذریعے کسٹمر سروس فراہم کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ اور آن لائن فراڈ کے بڑھتے ہوئے خطرات کو کم کرنا ہے، کیونکہ واٹس ایپ پر بھیجی گئی معلومات ملک سے باہر غیر محفوظ ہو سکتی ہیں۔

اب مالیاتی ادارے واٹس ایپ کے بجائے اپنی موبائل ایپس، کال سینٹرز اور محفوظ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز استعمال کریں گے۔

مزید برآں قانونی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ پر کی جانے والی گفتگو بھی ملک کے سائبر کرائم قوانین کے دائرے میں آتی ہے۔

قوانین کے مطابق کسی کی اجازت کے بغیر تصاویر شیئر کرنا، غیر تصدیق شدہ مواد پھیلانا یا کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والی پوسٹس میں ٹیگ کرنا سنگین جرم تصور کیا جا سکتا ہے، جس پر بھاری جرمانے یا قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق واٹس ایپ گروپس کے ایڈمنز بھی ذمہ دار ہوں گے کہ وہ غیر قانونی یا نقصان دہ مواد کی صورت میں فوری کارروائی کریں۔

مزید خبریں

Back to top button