سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 2 روز میں بشریٰ بی بی کی بیٹی کی درخواست پر فیصلے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 2 روز میں بشری بی بی کی بیٹی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشری بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور فیملی ملاقات سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

بشری بی بی کی بیٹی مبشرہ کی درخواست پرسماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی جبکہ وکیل سلمان اکرم راجہ درخواست گزار کی جانب سے پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل وجوہات کے ساتھ آرڈر پاس کرنے کا حکم دیتے ہوئے 6 مئی کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

عدالت نے استفسار کیا آپ نے اڈیالہ جیل حکام کو درخواست دی ہے؟ جس پر سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل حکام کو دی جانے والی درخواست کی کاپی پیش کر دی، سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا کہ کورئیر کے ذریعے اور خود جا کر بھی جیل میں درخواست دی ہے، 16 اور 17 اپریل کی درمیانی رات بشری بی بی کی سرجری ہوئی تھی۔

عدالت کی اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت سے پہلے ان کی درخواست کا فیصلہ کریں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے سب سوشل میڈیا پر بھی موجود ہے، ہم آپ کی درخواست اسی لئے جیل حکام کو بھیج رہے ہیں تاکہ وہ فیصلہ کریں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں

Back to top button