صحافت کے عالمی دن پرٹھٹھہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز کی ریلی

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن/جانوڈاٹ پی کے)پوری دنیا میں صحافت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان سمیت پورے سندھ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز ( PFUJ workers ) کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے بھی پورے ملک میں صحافت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ٹھٹھہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز (PFUJ Workers) کی جانب سے پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے صحافت کا عالمی دن منانے کے حوالے سے ایک اجتماع منعقد کیا گیا۔
جس میں ٹھٹھہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز ( PFUJ )ورکرز کے صدر جاوید لطیف میمن، نائب صدر سید نزاکت شاہ، جنرل سیکریٹری اشرف چنڈ میمن، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتاز سمیجھو، انفارمیشن سیکریٹری ساجد شیخ، پریس کلب ٹھٹھہ کے سابق صدر ڈاکٹر شاہد صدیقی، سابق نائب صدر سائیں اسماعیل میمن، موجودہ نائب صدر بھورو سرکی، سینئر صحافی مرزا حسن بیگ، خدابخش بروہی، سینئر صحافی اور سماجی رہنما سندھی محمد علی خٹک، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے ضلعی صدر شبیر بھٹی، یوسف دایو، ذوہیر علی، ایوب ملاح، صدیق میمن سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر صحافیوں کا کہنا تھا کہ ہر ملک اور ریاست میں صحافت اور صحافتی ادارے ملک کا چوتھا ستون ہوتے ہیں جو پوری دنیا میں اپنے ملک کا سافٹ امیج سامنے لاتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صحافیوں پر ظلم جاری ہے۔ پیکا ایکٹ جیسے کالے قوانین نافذ کر کے صحافیوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے پورے ملک کے صحافی اور صحافتی تنظیمیں مکمل طور پر مسترد کرتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے صحافتی اداروں سے ملازمین کو جبری برطرف کیا جا رہا ہے جو ملازمین کا معاشی استحصال ہے۔ رہنماؤں نے ملک میں صحافیوں کی گرفتاری اور ان پر جھوٹے مقدمات درج کرنے کی بھی مذمت کی۔ اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے صحافیوں پر ہونے والے ظلم اور ناانصافیوں کے خلاف زوردار نعرے بازی بھی کی گئی۔



