بدین میں “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ، شہریوں کی بھرپور ریلی، قومی یکجہتی کا مظاہرہ

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)”معرکۂ حق“ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر شہریوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے بدین پریس کلب اور ایوانِ صحافت کے سامنے بھرپور ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اٹھا کر قومی جذبے کا بھرپور اظہار کیا ریلی کی قیادت مقامی معززین اور سماجی رہنماؤں نے کی، جبکہ شرکاء کی جانب سے “ہم پاکستان پر قربان ہیں” جیسے نعرے بھی لگائے گئے۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “معرکۂ حق” پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار باب ہے، جس میں ملک کی سلامتی، خودمختاری اور حق کے تحفظ کے لیے بہادری اور قربانی کی مثال قائم کی گئی مقررین نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستانی فورسز اور قوم نے مل کر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا اور ملک کے دفاع کو یقینی بنایا، جس سے قومی یکجہتی کا مظاہرہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تاریخی کامیابیاں قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں اور آنے والی نسلوں کو بھی ان سے سبق حاصل کرنا چاہیے ریلی کے دوران قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جبکہ شرکاء نے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعائیں بھی کیں۔



