ملائکہ اروڑا کا عمر اور خوبصورتی کے معیار پر کھل کر اظہارِ خیال

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے) معروف بالی وڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا نے فلم انڈسٹری میں مردوں اورعورتوں کیلیے عمر اور خوبصورتی کے مختلف پیمانوں پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کر دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق ملائکہ اروڑا نے حالیہ انٹرویو میں اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ کس طرح خواتین اداکاراؤں کو عمر بڑھنے پر مسلسل تنقید اور جانچ پرکھ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ملائکہ اروڑا نے اپنے 30 سالہ طویل فلمی کریئر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وقت کے ساتھ خوبصورتی کے معیار تو بدل گئے ہیں لیکن معاشرہ آج بھی عمر کے معاملے میں خواتین کے ساتھ زیادہ سخت رویہ رکھتا ہے۔

انٹرویو میں بالی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ خواتین سے تو مسلسل عمر، خوبصورتی اور دلکشی کے بارے میں پوچھا جاتا ہے لیکن مردوں سے کبھی ایسے سوال نہیں ہوتے۔

’ایک عورت سے ہمیشہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ بتائے کہ کیا وہ اب بھی خود کو خوبصورت محسوس کرتی ہے؟ یا اس عمر میں اسے کیسا لگتا ہے؟ مردوں کو کبھی ان حالات سے نہیں گزرنا پڑتا۔‘

ملائکہ اروڑا کا کہنا تھا کہ میرے کیلیے زندگی صرف ظاہری شکل و صورت کا نام نہیں، اصل چیز یہ ہے کہ آپ ذہنی اور جذباتی طور پر کیسا محسوس کرتے ہیں، اہم یہ ہے کہ وہ کیا چیز ہے جو آپ کو روز صبح بستر سے اٹھنے اور کچھ نیا کرنے پر اکساتی ہے، خواتین صرف سجنے سنورنے کیلیے نہیں اٹھتیں بلکہ وہ کچھ بامقصد بنانا چاہتی ہیں تاکہ ان کی اولاد اور خاندان ان پر فخر کر سکے۔

بالی وڈ اداکارہ نے اس سوچ کو بدلنے پر زور دیا کہ عورت کی تعریف ہمیشہ اس کی عمر سے جوڑ کر کی جائے۔

’یہ تبصرے بند ہونے چاہئیں کہ وہ اپنی عمر کے لحاظ سے بہت اچھی لگتی ہے یا اس عمر میں بھی اتنی فٹ ہے، عمر کو ہمیشہ سرخی کیوں بنایا جاتا ہے؟ میں پہلے بھی میں تھی، آج بھی میں ہوں اور بیس سال بعد بھی خود کو مضبوط اور مطمئن محسوس کروں گی۔

مزید خبریں

Back to top button