ڈپٹی کمشنر بدین کا موبائل ہیلتھ گاڑیوں کی خراب ایکسرے مشینیں ایک ہفتے میں درست کرنے کا حکم

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے) ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی زیرِ صدارت ضلع میں صحت کی سہولیات کا جائزہ لینے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور انڈس اسپتال کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ اداروں کے افسران نے صحت کی سہولیات، جاری منصوبوں اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زارا زاہد نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں اور سندھ حکومت نے شعبۂ صحت میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں، جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کرنا ہوں گی ڈپٹی کمشنر نے موبائل ہیلتھ گاڑیوں میں موجود خراب ایکسرے مشینوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان مشینوں کو ایک ہفتے کے اندر مکمل طور پر درست کرکے فعال بنایا جائے، تاکہ مریضوں کو اپنے علاقوں میں ہی ضروری تشخیصی سہولیات میسر آسکیں انہوں نے پی پی ایچ آئی کے حکام کو ہدایت کی کہ پی پی ایچ آئی کے زیرِ انتظام چلنے والے رورل ہیلتھ سینٹرز اور بنیادی صحت مراکز کے جلد اچانک دورے کیے جائیں اور وہاں دستیاب طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر بھی زور دیا ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں سمیت پیرا میڈیکل اسٹاف کو اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ہمدردی اور احترام سے پیش آنا چاہیے، کیونکہ بیماری کے باعث پریشان حال مریضوں کو طبی علاج کے ساتھ حوصلے اور تسلی کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرنا صحت کی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے انہوں نے انڈس اسپتال کے حکام کو ہدایت کی کہ انتہائی ضروری اور مجبوری کی صورتِ حال کے علاوہ مریضوں کو دوسرے شہروں میں ریفر کرنے سے گریز کیا جائے، کیونکہ غریب اور مستحق افراد کے لیے دوسرے شہروں میں جاکر علاج کروانا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مریضوں کو حتی الامکان مقامی سطح پر ہی بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں ڈپٹی کمشنر زارا زاہد نے متعلقہ حکام کو ممتا پروگرام کے تحت رجسٹریشن کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ حاملہ خواتین کو اس پروگرام کے تحت بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وسیم عباس خواجہ، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی بدین اے طاہر لاشاری، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی بدین بی رضیہ اجن، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ممتا پروگرام سیدہ رضوانہ حنین شاہ، انچارج ایمبولینس 1122 کاشف زئنور، ڈاکٹر حرمت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی



